بدھ 11 نومبر 2026 - 21:50
ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات

حوزہ/ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی، مذہبی اور تنظیمی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم سندھ کی صوبائی کابینہ نے علامہ مقصود علی ڈومکی کی سربراہی میں اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی، جس میں انہیں سندھ کے تنظیمی دورے، صوبائی شوریٰ کے اجلاس اور شہدائے سانحہ شکارپور کی برسی کے اجتماع میں شرکت کی دعوت دی گئی۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات

اس موقع پر صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو صوبہ سندھ کے تنظیمی دورے کی دعوت دی اور آئندہ ماہ منعقد ہونے والے مجلس وحدت مسلمین سندھ کی صوبائی شوریٰ کے اہم اجلاس میں شرکت کی خصوصی گزارش کی۔

صوبائی قیادت نے انہیں شہدائے سانحہ شکارپور کی برسی کے سلسلے میں ہر سال 30 جنوری کو منعقد ہونے والے سالانہ اجتماع میں شرکت اور خطاب کی دعوت بھی دی۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ الحمدللہ مجلس وحدت مسلمین سندھ صوبے کے تمام اضلاع میں فعال تنظیمی سیٹ اَپ رکھتی ہے۔ ضلعی تنظیموں کے علاوہ تحصیل اور یونٹ کی سطح پر بھی تنظیمی ذمہ داران اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے سانحہ شکارپور کے شہداء کے مقدمے کی قانونی پیروی کرنے والے ایڈووکیٹ مظہر حسین منگریو اور دیگر وکلاء کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس جرأت، استقامت اور بہادری کے ساتھ قانونی محاذ پر شہداء کا مقدمہ لڑا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزازی شیلڈ پیش کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ کابینہ کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات

ملاقات کے موقع پر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کی تنظیمی فعالیت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب صوبہ سندھ کا دورہ کریں گے اور وہاں تنظیمی ذمہ داران اور کارکنان سے ملاقات کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha